سری نگر،20 مارچ (یو این آئی) پی ڈی ہی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کا راستہ جموں وکشمیر سے ہی گذرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں تب تک امن قائم نہیں ہوسکتا ہے جب تک پاکستان اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے ساتھ جوڑنے والے راستوں کو کھولا نہ جائے گا۔
موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں منعقدہ پارٹی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔
انہوں نے کہا: ’جنرل باجوہ نے
بھی کہا ہے کہ رنجشوں کو بھولنا چاہئے لیکن ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کا راستہ جموں وکشمیر سے گذرتا ہے جب تک نہ جموں وکشمیر میں ظلم بند کیا جائے گا، جو سڑکیں پاکستان اور اُس طرف کے کشمیر کے ساتھ ملتی ہیں، ان کو کھولا جائے گا تب تک امن قائم نہیں ہوگا‘۔
پارلیمانی وفد کے دورہ کے بارے میں پوچھے جانے پر سابق وزیر اعلیٰ نے کہا: ’پہلے بھی وفود یہاں آتے رہے باہر سے وفود لاکر یہاں سب کچھ ٹھیک ہونے کی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے سے بہتر ہے کہ یہاں کے لوگوں سے پوچھ کر سرٹیفکیٹ حاصل کی جائے‘۔