نئی دہلی ، 23 اگست (یو این آئی) کانگریس نے سرکار کے نیشنلائزیشن سے نجکاری کی طرف بڑھتے اقدام کو ملک کے مستقبل کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ پیسہ جمع کرنے کا یہ طریقہ انتہائی نقصان دہ ہے اور قومی مفادات کو گہرا دھکا پہنچانے کے مترادف ہے کانگریس نے اپنے آفیشل ہینڈل پر ٹویٹ کیا ’’مودی حکومت کا نیشنلائزیشن سے نجکاری کی طرف جانے کا فیصلہ ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ مودی حکومت جائیدادیں بیچ کر اپنے معاشی مفادات کو تو پورا کر سکتی ہے ، لیکن نجکاری کی دوڑ قومی مفادات کو نقصان پہنچائے گی۔
اس کے ساتھ ہی پارٹی نے
ایک خبر کا تراشا بھی پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ’’ سرکاری املاک کو فروخت کرنے کیلئے مودی سرکار نے بنا یا نیا پروگرام‘‘ ۔
پارٹی کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی ٹویٹ کیا ’’ ایک زمانے میں وہ ملک کی دولت بناتے تھے اور آج ملک بیچنے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے۔ مودی ہے تو یہی ممکن ہے ، ملک کی 6،00،000 کروڑ کی جائیداد فروخت - سڑکیں ، ریلیں ، کانیں ، ٹیلی کام ، بجلی ، گیس ، ہوائی اڈے ، بندرگاہیں ، کھیلوں کے اسٹیڈیم ، یعنی مودی جی آسمان، زمین اور پاتال فروخت کر ڈالیں گے۔ اگر بی جے پی ہے تو ملک کی جائیداد نہیں بچ سکے گی۔