نئی دہلی،22ستمبر(یواین آئی)راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکئیا نائیڈو نے منگل کو اراکین سے اصولوں اور روایات کے مطابق ایوان کی کارروائی میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
معطل اراکین کی معطل منسوخ نہ کئے جانے کے احتجاج میں اپوزیشن پارٹیوں کے ایوان سے واک آؤٹ کرنے کے بعد مسٹر نائیڈو نے کہا کہ اراکین کو ایوان میں لوٹنا چاہئے اور بحث میں حصہ لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کئی بار اراکین معطل ہوئے ہیں۔اپوزیشن کو حکومت سے سوال کرنے چاہئے اور حکومت کو اس کا جواب دینا چاہئے ۔ایوان میں ایک نئی سوچ رواج پا رہی ہے جو باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں سبھی لوگ اصول کے مطابق کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو اراکین
معطل ہوئے ہیں،آخر میں وہ ہمارے رکن ہیں۔انہیں سمجھنا چاہئے کہ جو کام انہوں نے کیا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ وہ ایوان چلانا چاہتے ہیں اور سبھی اراکین کو ایوان کی کارروائی میں حصہ لینا چاہئے ۔وہ بحث کریں اور فیصلہ کریں۔ ایوان کی کارروائی میں رخنہ نہ ڈالیں۔یہ صحنت مند روایت نہیں ہے۔
چیئرمین نے کہا کہ بینچ پر الزام لگانے والے ہر شخص کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔ اراکین اپنی بات کہنے کےلئے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائب چیئرمین ہری ونش نے آج ہی انہیں ایک خظ لکھا ہے اور کئی مشورے دئے ہیں۔ زرعی اصلاحات سے متعلق بلوں کو پاس کرانے کےعمل کے دوران اراکین نے نائب چیئرمین کے ساتھ جو برتاؤ کیا اس پر وہ غور کریں۔