دہلی، 8 نئی دہلی (یواین آئی) دراوڑ منیتر كشگم (ڈی ایم کے) صدر اور تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلی ایم کروناندھی کو آج لوک سبھا نے خراج عقیدت پیش کی اور اس کے بعد ان کے اعزاز میں ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔
کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر سمترا مہاجن نے ایوان کو مطلع کیا کہ 94 سالہ مسٹر کروناندھی کا منگل کو چنئی میں انتقال ہو گیا تھا۔ وہ 13 بار تمل ناڈو اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے اور پانچ بار ریاست کے وزیر اعلی رہے۔ انہوں نے دو بار اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما کا عہدہ بھی سنبھالا. وہ ایک بار تمل ناڈو قانون ساز کونسل کےممبر بھی رہے۔
مسز مہاجن نے کہا 'مسٹر کروناندھی مختلف صلاحیتوں کے حامل شخصیت تھے. وہ تمل
فلمی دنیا کے مشہورا سکرپٹ رائٹر تھے۔ 1952 کی ہٹ تمل فلم 'پاراشكتی' خود مسٹر کروناندھی کے لئے انقلابی فلم ثابت ہوئی۔ ایک کرشمائی شخصیت سے مالامال کروناندھی نے مصنف، بہترین مقرر اور سیاستدان کے طور پر عوام کے دلوں پر راج کیا۔
ان کے انتقال سے ملک نے ایک انتہائی مقبول اور معزز عوامی لیڈر کھودیا ہے'۔
انہوں نے کہا 'ہم مسٹر ایم کروناندھی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور یہ ایوان غمززدہ خاندان اور ان کے مداحوں،حمایتیوں کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہے'۔
اس کے بعد ایوان نے آنجہانی ڈی ایم رہنما کے اعزاز میں کچھ دیر خاموشی رکھی اور پھر ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔