رملہ/10فروری(ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اعلان کیا کہ ہندستان اس سال سے فلسطین کے ساتھ طالب علموں کے تبادلے کی تعداد دوگنی یعنی پچاس سے بڑھاکر سو کردے گا۔ صدر فلسطین محمود عباس کے ساتھ بات چیت کے بعد جاری بیان میں مسٹر مودی نے کہا کہ ہندستان فلسطین میں ایک انسٹی ٹیوٹ آف ڈپلومیسی کے قیام میں مدد کررہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہم ترقیاتی تعاون میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس ملاقات میں چھ معاہدات پر دستخط کئے
گئے ۔
مسٹر مودی نے کہا کہ فلسطینی عوام نے انتہائی مشکل حالات میں اور غیر مستحکم ماحول میں مسلسل مثالی حوصلے سے کام لیا ہے جس کی ہم ستائش کرتے ہیں۔ کسی بھی ہندستانی وزیراعظم کا یہ فلسطین کا پہلا دورہ تھا ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہندستان اور فلسطین کے تعلقات آزمائش پر کھرے اترے ہیں اور ہندستان کی خارجہ پالیسی میں فلسطین ہمیشہ سرفہرست رہا۔