نئی دہلی،23 دسمبر(یواین آئی) وزیراعظم کسان سمان نیدھی کے تحت اچھی حکمرانی کےدن 25 دسمبر کو نو کروڑ کسانوں کے بینک کھاتوں میں 18 ہزار کروڑ روپے ڈالے جائیں گے مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے بہبود اور ان کو بااختیار بنانے کےلئے پرعزم ہے۔حکومت نے مسلسل ان کی سماجی و معاشی حالت میں بہتری کی ہے اور آگے بھی یہ عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایم کسان سمان نیدھی بھی اسی عمل کا حصہ ہے۔ اس کے تحت سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی سالگرہ اچھی حکمرانی کے دن 25 دسمبر کو نوکروڑ کسانوں کو
صرف دو گھنٹے کے اندر 18 ہزار کرور روپے ان کے بینک کھاتوں میں براہ راست منتقل کئے جائیں گے۔اس موقع پر ایک بڑے پروگرام کا انعقاد ہوگا جس میں وزیراعظم نریندرمودی شامل ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام آن لائن ہوگا اور بڑی سطح پر کسانوں کو جوڑنے کی کوشش چل رہی ہے۔ ہر پروگرام میں مرکزی وزیر اور افسروں کی حصہ داری یقینی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر وزیراعظم چھ ریاستوں کے چھ کسانوں سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے لئے ریاستی حکومتوں سے نام مانگے گئےہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اچھی حکمرانی کے دن منعقد ہونے والے اس پروگرام میں دو کروڑ کسان اپنا رجسٹریشن کراچکے ہیں۔