بڈگام/28جون(ایجنسی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ سابقہ حکمران جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی وعدہ خلافیوں سے لوگوں کو زبردست ٹھیس پہنچی ہے۔
انہوں نے کہ سابقہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت کے دوران کشمیریوں کو دبانے کے لئے ہر ایک حربہ اپنایا گیا اور جی ایس ٹی، سرفیسی ایکٹ اور فوڈ بل نافذ کرکے دفعہ370کو کھوکھلا بنا دیا گیا۔ عمر عبداللہ نے ان
باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں پارٹی ضلع دفتر "مجاہد منزل" پر حلقہ انتخاب چرار شریف کے ڈیلی گیٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا "جس دن مرحوم مفتی محمد سعید اور نریندر مودی بغلگیر ہوئے اُس دن سے لیکر آج تک کشمیریوں نے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیکھا، گذشتہ ساڑھے 3سال کے دوران کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے گئے اُن کی مثال 1947سے قبل ملتی ہے نہ اس کے بعد، حالات اس قدر خراب بنادیئے گئے ہیں کہ دور دور تک روشنی کی کرن نظر نہیں آرہی "۔