نئی دہلی، 12فروری (ایجنسی) صدر رامناتھ کووند نے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منگل کو سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی تیل کی پینٹنگ کی نقاب کشائی کی او ر انہیں ہندستانی سیاست کے عظیم لوگوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اقتدار حاصل کرنے اور بچانے کے لئے جمہوریت کے اصولوں اور نظریات سے سمجھوتہ نہیں کیا۔
پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقدہ ایک مختصر
تقریب سے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیرمین ایم ونکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد اور پارلیمانی امور کے وزیر رنریندر سنگھ تومر نے بھی خطاب کیا۔
صدر نے مسٹر واجپئی کی تیل کی پینٹنگ بنانے والے پینٹر کشن کنہائی کو انگوچھا پہناکر اعزاز سے نوازا۔ یہ آئل پینٹنگ "لوک ابھیان" ادارہ نے تیار کرائی ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزرا اور کئی معزز ہستیاں موجود تھیں۔