بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی، 16جون ( یواین آئی) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ 19 ) سے دنیا بھر میں اب تک 80 لاکھ افراد کو متاثرہوئے ہیں، جبکہ 4.36 لاکھ سے زائد افراد اس جان لیوا وائرس کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا میں اب تک 8015053 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 436319 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کی معاملے میں امریکہ دنیا میں پہلے اور برازیل دوسرے اور روس تیسرے مقام پر ہے۔ وہیں اس وبا کی وجہ سے ہوئی ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے
مقام پر ہے۔
ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 10667 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں اور اب کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 343091 ہوگئی ہے۔ اس دوران 380 افراد کی ہلاکت کے ساتھ ہی مہلوکین کی تعداد 9900 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 153178 ایکٹیو کیسز ہیں، جبکہ اب تک 180013 افراد اس وبائی مرض سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ متاثرہ افراد کے معاملے میں ہندوستان دنیا کے سب سے زائد متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے مقام پر ہے۔
دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں اب تک 2113372 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں اور 116135 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 888271 افراد اس وائرس کی زد میں آچکے ہیں اور 43959 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔