نئی دہلی، 20 اپریل (یو این آئي) دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ دہلی میں کورونا وائرس کے متاثرین میں تیز اضافہ کے پیش نظر اسپتالوں اور کووڈ مراکز کے اندربستروں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ کیا جارہا ہے اور گزشتہ دس-بارہ دنوں کے اندر ہی بستروں کی تعداد میں تین گنا سے زیادہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
مسٹر ستیندر جین نے کہا کہ یہاں کووڈ اسپتالوں میں 18923 بستر ہیں اور ان میں سے فی الحال 2426 بستر دستیاب ہیں۔ بہت سے کووڈ سینٹروں کو اسپتالوں سے منسلک کرکے ان میں بستروں کی تعداد بڑھائی جارہی ہے۔
دستیاب بستروں کی معلومات دہلی کورونا ایپ پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔ مرکزی حکومت سے تمام کمپنیوں کو ریمڈیسیور کی سپلائی کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ، تاکہ اس کی قلت ختم ہوسکے۔
انہوں نے مہاجر مزدوروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں بہت ہی مختصر مدت کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گيا ہے، اس لئے وہ دہلی کو چھوڑکر نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت کی طرف سے اسکولوں اور کمیونٹی مراکز میں حفاظتی ٹیکے کےمراکز کھولنے کی اجازت دی جاتی ہے تو ہم دہلی میں جلد ہی تیزی سے ٹیکے لگانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔