نئی دہلی، 5 ستمبر (یو این آئی) صحت اور کنبہ بہبود کی مرکزی وزارت نے کورونا وائرس کووڈ۔ 19 کی جانچ کے لئے سنیچر کو مشورہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق اب کوئی بھی شخص ڈاکٹر کے تحریری پرچے کے بغیرلیب میں جاکر اپنا کورونا ٹیسٹ کرا سکتا ہے۔
کووڈ۔ 19 کے لئے تشکیل نیشنل ٹاسک فورس کی سفارشات نافذ کرتے ہوئے وزارت صحت نے کہا ہے کہ اب کوئی بھی شخص اگر چاہے تو اپنا کورونا ٹیسٹ خود ہی کراسکتا ہے اور اس کے لئے اسے ڈاکٹر کی تحریر دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزارت نے ساتھ ہی کہا کہ ریاستی حکومتیں اس سلسلے میں اپنے مطابق فیصلہ لے سکتی ہیں۔ اس سے ایک ریاست سے دوسری ریاست اور بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو آسانی اور ان لوگوں کو بھی سہولت ہوگی جو اپنا کورونا ٹسٹ کرانا چاہتے ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ کوئی بھی اسپتال اب کورونا ٹسٹ کی سہولت نہ ہونے کے بہانے حاملہ خواتین کو کسی دوسری جگہ ریفر نہیں کریں گے۔ اسپتالوں کو حاملہ خواتین کا کورونا ٹست کرانے کے لئے نمونے لیکر اسے لیب میں پہچانے کا انتظام کرنا ہوگا۔