نئی دہلی‘ 16 ستمبر (ایجنسی) سپریم کورٹ نے اجودھیا میں بابر ی مسجد رام جنم بھومی زمین تنازع کی سماعت کے براہ راست نشریہ کے مسئلے پر کورٹ رجسٹری کونوٹس جاری کرکے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کی ہےچیف جسٹس رنجن گوگوئی ’جسٹس ایس اے بوبڈے ’جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ’جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنظیرکی آئینی بنچ نے رجسٹری آفس سے رپورٹ طلب کی ہے کہ اگر ابھی حکم دیا جائے تو کتنے دنوں میں براہ راست نشر کا آغاز کیا
جاسکتا ہے۔
آئینی بنچ نے پیر کو کہا کہ وہ اس رپورٹ کے بعد ہی لائیو اسٹریمنگ پر فیصلہ کرے گی۔
خیال رہے کہ اجودھیا تنازع کی سماعت کو براہ راست نشر کرنے کے سلسلے میں آر ایس ایس کے سابق نظریہ ساز کے این گووند آچاریہ نے درخواست دی ہے۔ انہوں نے عرضی میں یہ بھی کہا کہ اگر اجودھیا معاملے کی کارروائی کا لائیو اسٹریمنگ ممکن نہیں ہے تو کم سے کم اس سماعت کی آڈیو ریکارڈنگ یا من و عن تحریری شکل میں ریکارڈ کی جائے۔