نئی دہلی، 29 دسمبر (یواین آئی) اگلے برس ہونے والی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مغربی بنگال جیسی بڑی ریاست کے ساتھ ہی تمل ناڈو اسمبلی انتخابات بھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لئے فکرمندی کی وجہ بنتا جارہا ہے۔
تمل ناڈو میں برسراقتدار اناڈی ایم کے نے یہ کہتے ہوئے بی جے پی کو جھٹکا دیا ہے کہ وہ انتخابات میں فتح حاصل کرتی ہے تو اقتدار میں کسی دیگر پارٹی سے شراکت داری نہیں کرے گی اور وزیراعلی کے پلانی سوامی وزیراعلی کے عہدے کے امیدوار ہوں گے۔
اس سے پہلے بی جے پی نے
اعلان کیا تھا کہ وہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے وزیراعلی کے عہدے کے امیدوار کے بارے میں فیصلے کرے گی۔
اناڈی ایم کے کے ڈپٹی کنوینر اور رکن پارلیمنٹ کے پی مونوسامی نے آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے 27 دسمبر کو انتخابی مہم کی ابتدا کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے وزیراعلی پلانی سوامی اگلے اسمبلی انتخابات میں وزیراعلی کے عہدے کے امیدوار ہوں گے۔ اگر انتخابات میں انا ڈی ایم اتحادی پارٹیوں سے زیادہ سیٹیں حاصل کرتی ہیں تو اقتدار میں کسی سے شراکت داری نہیں کی جائے گی۔‘‘