سیؤل/25جولائی(ایجنسی) کوریا کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کا کہنا ہے کہ اُن کے ملک کو اپنے فوجیوں کی غذا بہتر بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ یہ موقف گزشتہ برس منحرف ہونے والے شمالی کوریائی فوجی کی طبّی حالت کے سبب ریاست میں غذا کے معیار کو درپیش مشکلات سامنے آنے کے بعد جاری ہوا ہے۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ فوج کے ایک سپلائی پلانٹ کا دورہ کرنے کے
دوران کم جونگ نے کہا کہ غذائی مصنوعات تیار کرنے والی فیکٹری کو چاہیے کہ خوش ذائقہ اور غذائیت سے بھرپور کھانے کی اشیاء تیار کریں کیوں کہ فوجیوں کے غذائی نظام کو بہتر بنانے میں اس کا مرکزی کردار ہے۔
گزشتہ برس شمالی کوریا کے ایک فوجی کے معدے سے مکئی کے ذرات ملے تھے۔ اس فوجی نے جنوبی کوریا فرار ہونے کے لیے گولیوں کی بوچھاڑ کو چیلنج کر دیا تھا۔ اس واقعے کے نتیجے میں وہ غذائی مسائل سامنے آ گئے جن کا ماہرین کے خیال میں ریاست کو کئی عشروں سے سامنا ہے۔