نئی دہلی،24 اکتوبر (یواین آئی) پنجاب کے وزیراعلی کیپٹن امرندر سنگھ نے ہوشیارپور عصمت دری معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کے تبصروں کو سیاسی شوشے بازی قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ ہوشیار پور اور ہاتھرس کے واقعات کے درمیان کوئی موازنہ نہیں ہے۔
کیپٹن سنگھ نے ہوشیارپور معاملے میں مرکزی وزرا نرملا سیتارمن اور پرکاش جاوڈیکر کے تبصروں کو سرے سے خارج کرتے ہوئے کہاکہ ان رہنماؤں کی طرف سے کئے گئے وعدوں کے الٹ ہوشیارپور اور ہاتھرس کے واقعات کے درمیان کوئی موازنہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاتھرس واقعہ
میں اترپردیش حکومت اور پولیس نہ صرف سخت کارروائی کو انجام دینے میں ناکام رہی بلکہ اس نازک معاملے پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرتی ہے جس سے اونچی ذات کے ساتھ جڑے قصوروار سزا سے بچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بالکل الٹ پنجاب پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے قصورواروں کو حراست میں لیا اور ایک ہفتے میں چالان پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔وزیراعلی نے کہاکہ انہوں نے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی ہے کہ عدالتوں کے ذریعہ فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی جائے جس سے قصورواروں کے خلاف سخت اور مثالی کارروائی کی جاسکے۔