نئی دہلی/13جولائی(ایجنسی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جموں کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو توڑنے کے سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے الزامات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ مکمل طور بے بنیاد ہے۔
وزیر دفاع نرملاسیتارمن نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا، "یہ توڑنے کی بات بالکل بے بنیاد ہے۔ کوئی اتحاد نہیں ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پی ڈی پی کو توڑکر بی جے پی ریاست میں کچھ کرنا چاہتا ہے"۔
قابل ذکر ہے کہ محترمہ محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں حکومت کے قیام کے لئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) میں تقسیم کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔
سرینگر کے پرانے علاقے میں نقشبند
صاحب کے مزار پر 1931 کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا، "اگر نئی دہلی 1987 کو دہرانے کی کوشش کرے گی تو اس خطرناک نتائج ہوں گے"۔ انہوں نے کہا کہ 1987 میں ایک پارٹی کو توڑنے کا ہی نتیجہ تھا کہ محمد یوسف شاہ عرف سید صلاح الدین (پاکستان واقع دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین کے سربراہ) اور جےكےایل ایف کے سربراہ محمد یاسین ملک جیسے رہنماؤں نے ابھر کر سامنے آئے اور اگر پی ڈی پی توڑی جاتی ہے اس کے اور بھی خطرناک نتائج ہوں گے "۔
انہوں نے انتباہ کرتے ہوئے کہا، "اگر صلاح الدین اور یاسین ملک 1987 میں نئی دہلی کی مداخلت کی وجہ سے پیدا ہوئے تو آج صورتحال مزید خراب ہوجائے گی"۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی منظوری کے بغیر ریاست میں قانون سازوں کی خریداری نہیں کی جا سکتی۔
قابل ذکر ہے بی جے پی نے گزشتہ 19 جون کو ریاست میں محترمہ مفتی کی قیادت پی ڈی پی -بی جے پی مخلوط حکومت سے ناطہ توڑ لیا تھا۔ اس کے بعدریاست میں گورنر راج ہے۔