نئی دہلی، 28 جنوری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے نربھیا کیس کے مجرم مکیش کی رحم کی عرضی خارج کیے جانے کو چیلنج کرنے والی اپیل پر منگل کے روز فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔
جسٹس آر بھانو متی، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بینچ نے مکیش کی جانب سے پیش سینیئر وکیل انجنا پرکاش اور دہلی حکومت کی جانب سے
سالسٹر جنرل تُشار مہتا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔
عدالت نے کہا کہ رحم کی عرضی خارج کرنے کے صدر کے اختیارات کا جائزہ لینے کا اس کا محدود اختیار ہے اور وہ محض اس بات پر فیصلہ کر سکتی ہے کہ رحم کی عرضی کے ساتھ حسب ضرورت دستاویز مہیا کروائے گئے تھے یا نہیں۔ عدالت کل اس معاملے میں فیصلہ سنائے گی ۔