نئی دہلی، 2مارچ (یو این آئی) نربھیاعصمت دری قتل معاملہ میں پٹیالہ ہاوس عدالت نے پیر کو اگلے حکم تک تمام قصورواروں کے ڈیتھ وارنٹ پر روک لگا دی۔
پٹیالہ ہاوس عدالت نے منگل کو ہونے والی پھانسی ٹال دی ہے۔ پون کے وکیل اے پی سنگھ نے عدالت کو واقف کرایا کہ ایک قصوروار پون گپتا کی رحم کی عرضی صدر کے پاس زیرالتوا ہے اور جب تک معاملہ میں کوئی واضح حکم نہیں مل جاتا تب تک کسی بھی قصوروار کو پھانسی نہیں دی جاسکتی ہے۔ یہ
تیسری مرتبہ ہے جب ڈیتھ وارنٹ پر روک لگائی گئی ہے۔
پیر کی صبح قصور واراکشے اور پون کی عرضی عدالت نے خارج کردی تھی اور ڈیتھ وارنٹ پر روک لگانے سے انکار کردیا تھا لیکن اس کے بعدوکیل اے پی سنگھ نے پون گپتا کی طرف سے صدر کے پاس رحم کی عرضی داخل کی اور عدالت کو مطلع کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر راما نے اس پر ناراضگی ظاہر کی اور کہاکہ جب ہائی کورٹ نے قصورواروں کو سات دن کا وقت دیا تھا تو یہ عرضی اس وقت کیوں داخل نہیں کی گئی۔