کاٹھمنڈو، 27 فروری (ایجنسی) پلوامہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر پڑوسی اور جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) کے موجودہ صدر ملک نیپال نے گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ نیپال کی وزارت خارجہ کی طرف سے بدھ کو جاری ایک بیان کے مطابق سارک کے موجودہ صدر نیپال
نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک سے انتہائی تحمل برتنے کی اپیل کی ہے۔ پڑوسی ملک نے ہندوستان اور پاکستان سے ایسا کچھ بھی نہیں کرنے کو کہا ہے جس سے علاقے میں امن اور سلامتی کو خطرہ پیدا ہو۔ نیپال نے دونوں ممالک سے بات چیت کے ذریعے اپنے مسئلے کو حل کرنے اور صورتحال کو معمول پر لانے کی خاطر بات چیت شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔