نئی دہلی ، 28 جون (یو این آئی) بہت چھوٹی ، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتیوں (ایم ایس ایم ای) کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے خود انحصار ہندوستان کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت ، فوڈ پروسیسنگ ، چمڑے اور قبائلی صنعتیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
مسٹر گڈکری نے پیر کے روز ایم ایس ایم ای کے عالمی دن کے موقع پر معیشت کے ترقیاتی انجن کے طور پر ہندوستانی ایم ایس ایم ای پر ایک آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خود انحصارہندوستان بنانے کی سمت میں زراعت ، فوڈ پروسیسنگ صنعتوں ، چمڑے اور قبائلی صنعتوں پر
خصوصی توجہ دی جانی چاہئے ۔ صنعتوں کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیق ،اختراع اور معیار کی بہتری صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
مسٹر گڈکری نے زور دے کر کہا کہ خود انحصار ہندوستان کے حصے کے طور پر شروع کیے گئے مختلف اقدامات پر عمل درآمد کے لئے ہمہ جہتی کوششوں کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے دور دراز علاقوں کے ایم ایس ایم ای کے مابین مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد کی رسائی کو بڑھانے کے لئے کامن سروس سینٹر (سی ایس سی) پورٹل کے ساتھ انٹرپرائز رجسٹریشن پورٹل کی سنگل ونڈو سروس کا آغاز کیا۔