نئی دہلی، 26 مارچ (یو ای آئی) دہلی حکومت نے کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران کسی بھی ضروری چیزوں کی کمی نہیں ہونے دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ضروری خدمات سے جڑی دکانوں کو چوبیس گھنٹے تک کھلی رہنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
لفٹننٹ گورنر اوروزیراعلی اروند کیجری وال نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ضلع کلکٹروں سے لاک ڈاؤن کے دوران صورت حال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ راجدھانی میں
ضروری چیزوں کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی اور اس کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزی اور دودھ والے بغیر کسی پاس کے بھی اپنا کام کرسکیں گے۔ مسٹر کیجری وال نے کہا ہے محلہ کلینک چالو رہیں گے لیکن پوری احتیاط برتی جائے گی۔
واضح رہے کہ شمال مشرقی دہلی کے موج پور علاقے میں محلہ کلینک کے ایک ڈاکٹر اور ان سے علاج کرانے والے تقریبا 900 لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ سعودی عرب سے آئی ایک خاتون کا اس محلہ کلینک میں علاج کیا گیاتھا۔