نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بحریہ اپنی طاقت بڑھانے کے لیے جو تیاریاں کر رہی ہے وہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ بحر ہند کے علاقے میں امن اور خوشحالی کے لیے ہے۔
مسٹر سنگھ جمعہ کو کارواڑ بحری اڈہ سے بحریہ کی دیسی آبدوز کھنڈیری پر سوار ہوئے اور آبدوز کی زیر آب سرگرمیوں اور صلاحیت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بعد میں کہاکہ میں ہندستانی بحریہ کی طاقت کو بہت قریب سے دکھانے کے لئے بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل ہری کمار، وائس ایڈمرل اجیندر بہادر سنگھ اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور انہیں مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے ہندوستان کی سلامتی کے تئیں مجھے مزید اعتماد دیا ہے۔
ہماری ہندوستانی بحریہ جو بھی
تیاریاں کر رہی ہے، وہ کسی کے خلاف نہیں ہے، بلکہ یہ پورے بحر ہند کے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کھنڈیری میں بحریہ کی طاقت کا تجربہ کرنے کے بعد ان کا یہ اعتماد مزید پختہ ہو گیا ہے کہ بحریہ کسی بھی صورتحال اور حالات سے کامیابی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مجھے آئی این ایس کھنڈیری جو کہ ہندوستانی بحریہ کی 'اٹیک سب میرین' ہے اس میں 'سارٹی' کرنے کا موقع ملا۔ میں نے انڈین نیوی کی زیر آب صلاحیت کو بہت قریب سے دیکھا۔ آج میں نے جو تجربہ کیا اس سے میرا یقین پختہ ہوا ہے کہ ہندوستانی بحریہ ایک ایسی 'جدید، قابل اور قابل بھروسہ' فورس ہے جو کہ ہر صورتحال اور حالات میں چوکس، بہادر اور فتح یاب ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ,