لکھنؤ، 16 جنوری (یو این آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہند-چین کشیدگی کے دوران ہندوستانی فوج نے کرشمائی کام کیا ہے جس سے نہ صرف پورے ملک کا حوصلہ بڑھا ہے بلکہ ملک کا سر بھی بلند ہواہے۔
مسٹر راجناتھ سنگھ نے یہاں 435 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے نیو کمانڈ سپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا کہ ہند -چین کشیدگی کے دوران ہندوستانی فوج نے کرشمائی کام کیا ہے ، جس سے پورے ملک کا حوصلہ بڑھا ہے اور ملک کا سر بلند ہوا ہے۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف منوج مکند ناروانے اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود
تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال رکاوٹوں کا سال تھا جبکہ نیا سال مسائل کے حل کا سال ثابت ہوگا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش نے ترقی کا سفر شروع کیا ہے اور نیا کمانڈ اسپتال اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تقریبا 17 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جانے والا یہ اسپتال 788 بستروں پر مشتمل ہوگا جس میں 100 ایمرجنسی بیڈ الگ رکھے جائیں گے۔ اسپتال سے چھ ہزار جوانوں اور ان کے اہل خانہ کے علاوہ ریٹائرڈ فوجی اہلکار مستفید ہوں گے۔ نرسنگ اور ڈینٹل پریکٹیشنرس نیو کمانڈ اسپتال میں تربیت حاصل کرسکیں گے۔ یہ اسپتال تین سے چار سال میں تیار ہوجائے گا۔