نئی دہلی، 19 اگست (یو این آئی) حکومت نے نان گزیٹیڈ عہدوں اور قومی بینک کی ملازمتوں کے لئے بھرتی کے عمل میں تاریخی اصلاح کرتے ہوئے قومی بھرتی ایجنسی (این آر اے) کی تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ان نوکریوں کے لئے مشترکہ داخلہ امتحانات کا انعقاد کرے گی-
اس سے متعلق تجویز کو وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت آج یہاں مرکزی کابینہ کے اجلاس میں منظور کیا گیا۔
مرکزی وزیر برائے عملہ اور پنشن امور، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھرتی کے عمل میں اصلاح
نوجوانوں کے لئے نعمت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے خواہاں امیدواروں کی سہولت کے لئے حکومت نے روزگار کے میدان میں انقلابی اور تاریخی اصلاحات کی ہیں۔ اس سے بھرتی ، انتخاب کا عمل اور تقرری کا عمل انتہائی آسان ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خاص طور پر نچلے طبقے کے امیدواروں کو فائدہ ہوگا۔
حکومت نے این آر اے کے لئے 1517.57 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم تین سال کے لئے منظور کی گئی ہے۔ یہ رقم این آر اے کی تشکیل کے علاوہ 117 خواہش مند اضلاع میں امتحانی انفراسٹرکچر قائم کرنے کے لئے استعمال ہوگی۔