نئی دہلی، 13 جون (یو این آئی) صدر رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ ملک کے کئی صوبوں کے طلباء راشٹریہ ملٹری اسکولوں میں پڑھ رہے ہیں اور اس لحاظ سے ان کا کردار پوری طرح سے قومی ہے اور ان میں ’کثرت میں وحدت‘ کی پوری جھلک دکھائی دیتی ہے۔
پیر کو بنگلورو میں راشٹریہ ملٹری اسکول کی پلاٹینم جوبلی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کووند نے کہا کہ کبھی فوجی جوانوں کے بچوں کے
لیے کھولے گئے ان اسکولوں کی شبیہ پوری طرح سے قومی بن گئی ہے کیونکہ ایک تو ان کے دروازے سب کے لیے کھول دیے گئے ہیں، دوسرے ان میں تمام ریاستوں کے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
بنگلور راشٹریہ ملٹری اسکول کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں 23 ریاستوں کے بچے پڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے لے کر کیرالہ تک یہ کیڈٹس ہمارے ملک کے ’کثرت میں وحدت‘ کی علامت ہیں۔