نئی دہلی، 11جون (ایجنسی) پورے ملک کے مدرسوں کی مین اسٹریم تعلیم سے جڑنے کے لئے حوصلہ افزائی کرنے کے لئے ان کے اساتذہ کو مختلف تربیتی اداروں سے تربیت دلائی جائے گی۔
اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں مولانا آزاد ایجوکیشن فاونڈیشن کی 112ویں آپریٹنگ کونسل اور 65 ویں جنرل اسمبلی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مدرسوں میں مین اسٹریم کی تعلیم ہندی، انگریزی، ریاضی، سائنس، کمپیوٹر وغیرہ میں ملنی چاہئے۔ اساتذہ کی تعلیم کا کام اگلے مہینے سے شرو ع ہوجائے گا۔
اقلیتی طبقہ اسکول کی ’ڈراپ آوٹ‘ لڑکیوں کو ملک کے مشہور تربیتی اداروں سے برج کورس کراکر انہیں تعلیم اور روزگار سے جوڑا جائے گا۔ مسٹر نقوی نے کہاکہ ایجوکیشن (تعلیم)،
ایمپلائمنٹ (روزگار و روزگار کے مواقع) اور امپاورمنٹ (سماجی، اقتصادی۔ امپاورمنٹ)، پروگرام کے تحت اگلے پانچ برسوں میں پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم۔ مینس وغیرہ اسکیموں کے ذریعہ پانچ کروڑ طلبا کو اسکالر شپ دی جائے گی، جن میں 50فیصدسے زیادہ لڑکیوں کو شامل کیا جائے گا۔ ان میں اقتصادی طورپر پسماندہ طبقہ کی لڑکیوں کے لئے 10 لاکھ سے زیادہ بیگم حضرت محل گرلز اسکالرشپ شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں تعلیمی اداروں کے لئے ڈھانچہ جاتی سہولیات نہیں ہیں وہاں پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم (پی ایم جے وی کے) کے تحت پولی ٹیکنک، آئی ٹی آئی، گرلز ہوسٹل، اسکول، کالج، گروکل کے مساوی ہوسٹل اسکول، کامن سروس سنٹر وغیرہ کی جنگی پیمانہ پر تعمیر شروع کی گئی ہے۔