نئی دہلی،20 جون (یواین آئی)نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکئیا نائیڈو نے راجیہ سبھا کے نو منتخب اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کا انتخاب ملک کے وفاقی نظام کی علامت ہے۔
مسٹرنائیڈو نے ہفتے کو ایک سلسلے وار ٹویٹ میں کہا کہ وہ سبھی نومنتخب اراکین کا استقبال کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آنے والے برسوں میں ان کے تجربے کا قومی ترقی میں فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا،’’راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات میں 20 ریاستوں سے منتخب 61 نو منتخب اراکین کا استقبال کرتا ہوں۔راجیہ سبھا ہماری وفاقی سیاست کی علامت ہے جس میں تجربہ کار اراکین اور پہلی بار چنے گئے اراکین
کا تال میل رہتا ہے۔یہ ایوان مسلسل تبدیلی کا علمبردار ہے۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ نے کہا،’’آپ مختلف پارٹیوں اور ریاستوں کی نمائندگی کرتے ہیں،آپ ہندوستان کی متنوع خوشحالی اور21 ویں صدی کے ہندوستان کی صدی بنانے کے واحد عزم کے اتحاد کی علامت ہیں۔آئندہ چھ برسوں میں ملک کی تعمیر میں آپ کے اہم تعاون کی امید کرتا ہوں۔‘‘
راجیہ سبھا کے چیئرمین نے کہا ،’’امید کرتا ہوں کہ آپ سبھی ملک کے مفاد میں اس موقع کا ہر ممکن استعمال کریں گے۔ملک کی تعمیر کی اس عظیم مہم میں آپ کی کوششوں کی کامیابی کی دعا کرتا ہوں۔ایوان کے رکن کے طورپر آپ سبھی سے ملنے کا موقع ملے گا۔اس کا انتظار رہے گا۔‘‘