نئی دہلی، 9 اپریل (یو این آئی) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ہفتہ کو ہندوستانی سماج میں ثقافتی نشاۃ ثانیہ پر زور دیا اور کہا کہ بچوں کو اپنی پسند کا کوئی بھی فن سیکھنے کی ترغیب دی جانی چاہئے۔
سنگیت ناٹک اکادمی اور للت کلا اکادمی فیلوشپس کے ساتھ 2018 کے اکادمی ایوارڈز پیش کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کے شاندار ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی
کوششوں کے ایک حصے کے طور پر اسکول اور والدین بچوں کو اپنی پسند کا کوئی بھی فن منتخب کرکے اس کو سیکھنے کے لئے حوصلہ افزائی کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سماج کو اپنی جڑوں میں واپس جانے کی ضرورت ہے۔ مغربی ثقافت کے جنون کی وجہ سے کٹھ پتلی جیسے ہمارے روایتی لوک فن معدوم ہو رہے ہیں۔ انہیں نہ صرف حکومتوں بلکہ بڑے پیمانے پر معاشرے کی فعال شمولیت سے زندہ کرنا ہوگا۔