حیدرآباد 6نومبر(ایجنسی)اے پی کے حال ہی میں تتلی طوفان سے شدید طورپر تباہی سے دوچار اضلاع کے متاثرین کے ساتھ روشنیوں کا تہوار دیپاوالی منانے کا وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے فیصلہ کیا ہے۔دسہرہ تہوار بھی وزیراعلی نے ان متاثرین کے ساتھ منایا تھا اور اب ان میں بھروسہ پیداکرنے کیلئے دیوالی تہوار بھی ان کے ساتھ منانے کا
وزیراعلی نے فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق چندرابابونائیڈو سریکاکلم ضلع کے اِچھاپورم میں منعقد ہونے والی دیپاوالی کی تقریب میں شرکت کریں گے جس کے لئے وہ منگل کی شام سریکاکلم روانہ ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ ہد ہد طوفان کے بعد بھی وزیراعلی نے وشاکھاپٹنم کے متاثرین کے ساتھ دیوالی منائی تھی ۔یہ دیپاوالی پٹاخوں اورچراغوں کے بغیر منائی گئی تھی جس کا مقصد لوگوں کو جلد حالات کی بحالی کیلئے بھروسہ پیداکرنا تھا۔