نئی دہلی، 6 دسمبر (یو این آئی) وزیر داخلہ امت شاہ نے آج ناگالینڈ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ حالات کشیدہ مگر کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے کنبوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔
پیر کو ایوان زیریں لوک سبھا میں اس بارے میں بیان دیتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ حکومت وہاں کے حالات پر قابو پا کر ماحول کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے لیے وہ خود ریاستی حکومت کے ساتھ مسلسل
رابطے میں ہیں۔ مرکزی حکومت کے شمال مشرقی امور کے ایک سینئر افسر کو موقع پر بھیجا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس واقعہ کی تحقیقات کے احکامات دیتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔
واقعہ کی تفصیلی معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج کو ایک گاڑی سے عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی، اس لیے اس کے کمانڈوز نے مشکوک جگہ پر پہنچ کر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی۔ جب ایک گزرنے والی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے اسے بھگانے کی کوشش کی۔