نئی دہلی، 18مئی(ایجنسی) اے پی کے وزیراعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو جنہوں نے مرکز میں غیر بی جے پی جماعتوں کو متحد کرنے کے لئے دہلی میں قومی جماعتوں کے لیڈران سے ملاقات کی کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی نظام میں شفافیت کے لئے گزشتہ کئی دنوں سے جدوجہد کر رہی ہیں،انتخابات میں وزیراعظم اور وزرائے اعلی یا کوئی اور امیدوارتمام مساوی ہیں،ساتھ ہی ساتھ تمام سیاسی جماعتیں بھی مساوی ہیں۔
انہوں نے ہندوستان میں انتخابی طریقہ کار پر پروگرام کے بعد قومی دارالحکومت میں میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ
الیکشن کمیشن تمام اصولوں،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔انتخابی پینل کو خود پر اعتماد ہونا چاہئے۔ انصاف کے لئے اس کو مل کر کام کرناچاہئے جو آج نہیں ہوپارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تمام دانشوروں کا کہنا ہے کہ وی وی پیاٹس سپلس کی کمیشن کیوں گنتی نہیں کرنا چاہتا؟ہم پانچ تا دس کی گنتی کی خواہش کر رہے ہیں۔کیا یہ منصفانہ بات نہیں ہے؟اس سے کمیشن کیوں گریز کررہا ہے۔شفافیت لانا اور جمہوریت پر اعتمادکیلئے یہ انتخابی کمیشن کا فرض ہے۔کمیشن میں جو کچھ ہورہا ہے، وہ افسوسناک ہے۔تمام شہریوں اور سیاسی جماعتوں کو اس کی مذمت کرنی چاہئے۔