نئی دہلی، 22 دسمبر (یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے پارلیمنٹ کے موجودہ سرمائی اجلاس کے دوران ایوان کے کام کاج پر تشویش اور ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے بدھ کے روز کہا کہ اس سلسلے میں ارکان کواجتماعی اور انفرادی طور پر خود احتسابی کرنی چاہئے۔
مسٹر نائیڈو نےصبح ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کا سرمائی اجلاس آج ختم ہو رہا ہے۔ ایوان کی 18 میٹنگوں میں مجموعی طور پر 47.90 فیصد کام کاج ہوا جو کہ اس کی صلاحیت سے کافی کم ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی ناخوشی ہورہی ہے کہ ایوان کا کام کاج اس کی صلاحیت سے کم رہا ہے۔ میری آپ سب سے گزارش ہے کہ اجتماعی اور انفرادی طور پر سوچیں کہ کیا یہ سیشن اس سے بہتر نہیں ہو سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران45 گھنٹے 34 منٹ تک
ایوان کی میٹنگ ہوئی جبکہ مقررہ وقت 95 گھنٹے 6 منٹ تھا۔ اس مدت کے دوران ایوان کی کارکردگی 47.90 فیصد رہی جو کہ گزشتہ چار سالوں میں 12 اجلاسوں میں پانچویں مرتبہ سب سے کم ہے۔ ایوان میں مسلسل ہنگامہ آرائی اور کارروائی ملتوی ہونے کی وجہ سے 49.32 منٹ ضائع ہوئے۔ کل دستیاب وقت کا 52.05 فیصد ہنگامہ آرائی میں ضائع ہوا۔ وقفہ سوالات کا کل 60.60 فیصد وقت ضائع ہوا۔ سات نشستوں میں وقفہ سوالات نہیں ہو ہوسکے۔
اجلاس کے دوران ایوان میں 10 بل منظور کیے گئے جبکہ اپروپری ایشن بل 2021 پر بحث ادھوری رہی۔ بلوں پر کل 21 گھنٹے اور سات منٹ تک بحث کی گئی۔ ان مباحثوں میں 127 وزراء نے مداخلت کی۔ وقفہ صفر کا صرف 30 فیصد وقت کا استعمال ارکان کر سکے اور پورے اجلاس میں صرف 82 معاملات اٹھائے جا سکے۔ اس دوران اراکین نے خصوصی تذکرے کے ذریعے 64 معاملوں کو ایوان کے سامنے رکھا۔