بھونیشور، 20 مئی (یو این آئی) اڑیسہ کے شمالی ساحلی علاقوں میں رہنے والے تقریبا ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو گردابی امفن طوفان کے خطرے کی وجہ سے محفوظ مقامات پر بھیجا گیا ہے۔ شمال مغربی بنگال کی خلیج میں بھاری بارش کے سبب کئی درخت اکھڑ گئے ہیں اور کچے مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق امفن طوفان فی الحال اڑیسہ کے پارادیپ سے مغرب جنوب مغربی سمت میں 120 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور مغربی بنگال کے دیگھا سے 200 کلومیٹر دور اور بنگلہ دیش کے کھیپوپارا سے جنوب مشرق کی سمت میں 360 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
محکمہ کے مطابق
طوفان ابھی بنگال کی شمال مغربی خلیج میں شمال مشرق کی طرف بڑھے گا اور بنگلہ دیش کے کنارے اور مغربی بنگال کے دیگھا اور سندربن کے پاس بنگلہ دیش کے ہٹیا جزیرے کو دوپہر اور شام کے دوران پار کرے گا۔ اس دوران ہوائیں 155 سے 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جس کی رفتار 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ کے مطابق طوفان کے ساحل پر ٹکرانے کی کی کارروائی آج دوپہر بعد شروع ہوگی اور پھر یہ طوفان کولکتہ کے پاس شمال شمال مغربی سمت میں آگے بڑھ سکتا ہے۔ پورے عمل کو آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں ڈاپلر موسمی رڈار کر ذریعہ مسلسل ٹریک کیا جا رہا ہے۔