نئی دہلی،21فروری (یو این آئی) مادری زبان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ ہند ونکیا نائیڈو نے کہاکہ ہمیں ہرحال میں اپنی لسانی وراثت کاتحفظ کرناچاہیے۔انہوں نے یہ بات عالمی یوم مادری زبان کی مناسبت سے وزارتِ فروغِ انسانی وسائل اوروزارتِ ثقافت کے اشتراک سے یہاں منعقدہ پروگرام کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہاکہ خصوصابچوں کو ابتدائی تعلیم مادری زبان میں دی جائے،کیوں کہ بچہ مادری زبان کوآسانی سے سمجھ سکتاہے۔ انھوں نے کہاکہ اگرہم اپنی مادری زبانوں کی حفاظت کرتے اورانھیں فروغ دیتے ہیں تو اس سے ہندوستان کے لسانی وتہذیبی تنوع کابھی تحفظ ہوگا۔زبان ایک ایساوسیلہ ہے جولوگوں کوایک ساتھ لاتااور متحدہ سماج کی تشکیل کرتا
ہے۔
انھوں نے اس بات پرزوردیاکہ پرائمری اسکولوں میں مادری زبان میں تعلیم کوضروری قرار دیا جائے اورسرکاری ملازمتوں میں مادری زبان جاننے کوبھی لازم قراردیاجائے۔ انھوں نے کہاکہ ملک کی تمام زبانوں کوقومی سطح پر فروغ دیناحکومت کی ذمے داری ہے لیکن ہمیں بھی اپنے گھروں میں، اپنے لوگوں کے درمیان شاعری،افسانہ اورکہانی نویسی کے ذریعے مادری زبان کوفروغ دیناچاہیے۔
نائب صدرجمہوریہ نے مادری زبان اوردیگرزبانوں کاموازنہ کرتے ہوئے کہاکہ مادری زبان آنکھ کی طرح ہے اوردوسری زبانیں چشمے کی مانند ہیں، اگرآنکھ میں بینائی نہیں ہوگی، توچشمے کاکوئی فائدہ نہیں ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ مادری زبان کے تحفظ کو ایک مذہبی فریضہ سمجھناچاہیے اوراسے ایک تحریک اورمشن کے طورپر فروغ دیناچاہیے۔