نئی دہلی، 26 اپریل (یو این آئی) ملک میں کورونا کے قہر کے دوران مسلسل پانچویں دن تین لاکھ سے زیادہ نئے معاملوں کا اضافہ ہوا ہے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 3.52 لاکھ نئے کیس سامنے آئے ہیں حالانکہ راحت کی بات یہ ہے کہ مسلسل تیسرے دن بھی دو لاکھ سے زائد مریضوں نے اس وبا کو شکست دی ہے اس دوران پیر کی صبح تک ملک میں 14 کروڑ 19 لاکھ 11 ہزار 223 افراد کو ٹیکے لگائےجاچکے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 352991 نئے
معاملوں کی آمد کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 73 لاکھ 13 ہزار 163 ہوگئی ہے۔ اس دوران 219272 مریض صحتمند بھی ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل اتوار کے روز 217113 ریکارڈ متاثرہ افراد کے ٹھیک ہونے کے بعد انہیں مختلف اسپتالوں سے چھٹی دےدی گئی۔ ملک میں اب تک ایک کروڑ 43 لاکھ 4 ہزار 382 افراد نے کورونا کو شکست دی ہے۔
اسی دوران فعال معاملات میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ان کی تعداد بڑھ کر 2813658 ہوگئی ہے ۔ وہیں مزید 2812 مریضوں کی موت کے ساتھ اس بیماری سے مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 195123 ہوگئی ہے۔