نئی دہلی 11جون(یواین آئی)ملک میں اس وقت کورونا کے سرگرم مریضوں کی تعداد 137448 ہے اور شفایاب ہونے والوں کی 141028,صحت یاب ہونے والوں مریضوں کی شرح میں وقت کے ساتھ ساتھ مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔شفایابی کی شرح فی الحال 49.21 فیصد ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان لواگروال نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ان دنوں ہندوستان کے کورونا مریضوں کا موازنہ دنیا کے دیگر ممالک سے کیا جارہا ہے جو کہ صحیح نہیں ہے کیونکہ ان ممالک کی آبادی اور ہندوستان کی آبادی میں کافی فرق ہے۔کئی مرتبہ اس طرح کا تقابل وہم میں مبتلا کردیتا ہے۔اہم توجہ اس طرح کی متعدی بیماری سے نمٹنے پر ہے نہ کہ یہ دیکھنا کہ دنیا کے ممالک کے مقابلے ہمارے یہاں کتنے کیسز ہیں۔اگر تقابل ہی کرنا ہے تو اسی ملک سے کریں جس کی آبادی برابر ہے کیونکہ موازنہ
ہمیشہ برابری کی بنیاد پر ہوتا ہے۔
مسٹر اگروال نے ملک میں کمیونٹی انفکشن کی سطح پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ لفظ شبہ پیدا کرنے والا ہے اورعالمی ادارہ صحت نے بھی کبھی اس لفظ کا استعمال نہیں کیا ہے نیز ہندوستان میں بھی اس وقت کمیونٹی انفکشن کی سطح نہیں دیکھی جارہی ہے۔کورونا کے کچھ معاملے کچھ ریاستوں کے خاص علاقوں میں زیادہ دیکھے جارہے ہیں ،ان کے لئے کنٹینمنٹ اسکیم بنائی جارہی ہے ،اس اسکیم کے پہلے بھی بہتر نتائج مل چکے ہیں۔مہاراشٹر کے دھاروی میں چندروز قبل تک کافی کیسزمل رہے تھے لیکن وہاں سخت کنٹینمنٹ حکمت عملی اپنائی گئی اور گذشتہ پانچ دنوں سے کورونا کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔اس وقت ملک میں اعدادوشمار میں الجھنے کے بجائے مریضوں کو بہتر علاج دینا ضروری ہے اور یہی مرکزی حکومت کا بھی ہدف ہے۔