مونٹی نیگرو/22فروری(ایجنسی) نیٹو کی رکن ریاست مونٹی نیگرو میں امریکی سفارت خانے پر مبینہ خودکش حملہ کیا گیا ہے۔ حملہ آور نے سفارت خانے پر پہلے دستی بم پھینکا اور پھر خود کو بارودی مواد سے اڑا کر ہلاک کر لیا۔
بلقان خطے کی یورپی ریاست مونٹی نیگرو کے دارالحکومت پوڈگوریچا میں امریکی سفارت خانے کے اندرونی صحن میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں ایک مشتبہ شخص نے امکاناً گرینیڈ پھینکا
اور پھر ایک قریبی گلی میں خود کو اڑا لیا۔ پوڈ گریچا حکومت کے بیان کے مطابق حملہ آور نے بارودی ڈیوائیس پھینکنے کے فوری بعد ویسی ہی بارودی ڈیوائیس سے خود کو اڑایا۔
پوڈگوریچا کے انتظامی حکام نے اسے خودکش حملہ قرار دیا ہے۔ تفتیشی حکام نے اس بارودی ڈیوائس کو امکاناً گرینیڈ قرار دیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گرینیڈ پھینکنے سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ انتہائی سکیورٹی حصار میں قائم امریکی سفارت خانے کی عمارت پوڈگوریچا کے نواحی علاقے میں واقع ہے۔