چنئی، 26 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی تمل ناڈو میں چنئی، ایگمور، مدورائی، رامیشورم، کنیا کماری اور کٹپاڈی ریلوے اسٹیشنوں کی دوبارہ ڈیولپمنٹ کے منصوبوں اور مدورائی سے تینی کے درمیان 75کلومیٹر براڈ گیج لائن سمیت بنیادی ڈھانچے کی ڈیولپمنٹ کے لئے 11 منصوبوں کا آج یہاں افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
مسٹر مودی یہاں جواہر لعل نہرو انڈور اسٹیڈیم میں 31 ہزار 400 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے 11 پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس پروگرام میں ریلوے، مواصلات، انفارمیشن ٹکنالوجی اور الیکٹرانکس کے وزیر اشونی وشنو، ریاست کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن اور دیگر معززین اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران موجود
ہوں گے۔
یہ منصوبے ایک طرف انفراسٹرکچر کی ترقی اور کنیکٹیویٹی کو فروغ دیں گے تو دوسری طرف خطے میں زندگی گزارنے میں آسانی پیدا کریں گے۔ ان منصوبوں سے خطے کی سماجی و اقتصادی خوشحالی میں نمایاں بہتری آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس پروگرام میں ریلوے کے کچھ اہم منصوبے بھی شامل ہیں۔ ریاست میں پانچ ریلوے اسٹیشنوں - چنئی، ایگمور، رامیشورم، مدورائی، کٹپاڈی اور کنیا کماری کی تعمیر نو کے لیے سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ یہ پروجیکٹ 1800 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور اسے جدید سہولیات کے ساتھ ریلوے اسٹیشن کی شکل کو بہتر بنانے اور مسافروں کے سفر کو مزید خوشگوار، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔