نئی دہلی، 3اپریل (یوا ین آئی) کانگریس نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے آج صبح جب ملک سے خطاب کیا تو امید تھی کہ وہ منریگا کارڈ ہولڈروں، کسانوں، ڈاکٹروں اور طبی عملہ کے مفاد میں کوئی ٹھوس اعلان کریں گے لیکن ان امور پر خاموشی اختیارکرکے انہوں نے ملک کو مایوس کیا ہے۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ دس دنوں میں ملک میں ضروری اشیا کی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور لوگوں کو پوری طرح سے ضروری اشیا کی سپلائی نہیں ہوپارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں جگہ جگہ ضروری اشیا کی آمدورفت میں رخنہ
آیا ہے جس کی وجہ سے ریاستوں میں ضروری اشیا کی کمی ہورہی ہے۔ تمام ریاستوں کی سرحدیں سیل ہیں اور 60فیصد ٹرک سڑکوں پر نہیں ہیں۔ ملک میں تقریباََ سوا سوکروڑ کرانہ کی دکانیں ہیں لیکن سامان کی کمی کی وجہ سے مشکل سے لاکھ یا سوا لاکھ کرانہ دکانیں ہی کھل پارہی ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ سپلائی چین متاثر ہونے سے ملک میں مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے۔ سبزی، دال، آٹا، چاول وغیرہ کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں۔ ٹرانسپورٹ لاگت کئی گنا بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے آٹا، دالیں، سبزیاں دو گنی قیمت پر فروخت ہورہی ہیں لیکن اس کا فائدہ کسان کو نہیں مل پارہا ہے۔