نئی دہلی،28فروری (ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے درمیان آج کہا کہ ملک کو اپنی افواج کی صلاحیت پر بھروسہ ہے اور سبھی کو اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ ان کے حوصلے پر کوئی اثر نہ پڑے اور دشمنوں کو ہم پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔
مسٹر مودی نے نمو ایپ کے ذریعہ سے بی جے پی کے کارکنوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لئے دہشت گردانہ حملے کے ساتھ ساتھ دشمنوں کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ ہماری ترقی رک جائے" ہماری رفتار رک جائے اور ہمارا ملک تھم جائے۔ انہوں نے کہا" پورا ملک آج ایک ہے اور ہمارے جوانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری افواج کی صلاحیت پر ہمیں بھروسہ ہے اس لئے بہت ضروری ہے کہ کچھ بھی ایسانہ ہو جس سے ان کے حوصلے پر
آنچ آئے یا ہمارے دشمنوں کو ہم پر انگلی اٹھانے کا موقع مل جائے۔"
مسٹر مودی نے کہا " اس وقت ملک کے جذبات ایک الگ سطح پر ہیں ۔ ملک کا بہادر جوان سرحد پر ہے اور سرحد کے پار بھی اپنی صلاحیت دکھا رہا ہے ۔ پورا ملک ایک ہے اور ہمارے جوانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ دنیا ہماری قوت ارادی کو دیکھ رہی ہے۔ ملک کی سلامتی اور اہلیت کا عہد لے کر ہمارا جوان سرحد پر ڈٹا ہے۔ ہم سب ایک طاقت ور ہندوستان کے شہری ہیں۔ اس لئے ہم سب کو بھی ملک کی خوشحالی اور وقار کے لئے دن رات ایک کرنا ہوگا۔" انہوں نے کہا کہ ملک نئی پالیسی اور نئے رواج کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کی توسیع کرنے میں مصروف ہے ۔ ہندوستان کا نوجوان آج جوش سے بھرا ہوا ہے ملک کے کسان سے لے کر ملک کے جوان تک سبھی کو یہ اعتما د ملا ہے کہ ناممکن بھی اب ممکن ہے۔"