جے پور، 29 اپریل (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مہنگائی کے معاملے پر تمام وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کرنے اور ان کی بات سننے کی درخواست کی ہے مسٹر گہلوت نے جمعرات کی رات سوشل میڈیا کے ذریعے یہ درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو وزیر اعظم نے کووڈ کے حوالے سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ کی۔ جس میں صرف پانچ وزرائے اعلیٰ کو بولنے کا موقع ملا اور آخر میں خود وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں اچانک مہنگائی اور پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کا ذکر کیا اور
اس کا الزام غیر بی جے پی والی ریاستوں پر ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام مہنگائی کا شکار ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کی اقتصادی پالیسیاں بنیادی طور پر مرکزی حکومت کے ذریعے بنائی اور چلائی جاتی ہیں، لیکن اس کا اثرریاستوں پر ہی پڑتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ مہنگائی کے معاملے پر تمام وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کریں اور سب کی بات سنیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ریاستوں کو بھی اپنا موقف پیش کرنے کا موقع ملے گا اور ان کا نقطہ نظربھی مرکزی حکومت کو معلوم ہوسکے گا۔