نئی دہلی، 26 فروری (یو این آئی) قومی راجدھانی دہلی میں گزشتہ تین دنوں سے جاری پرتشدد واقعات (فسادات) میں 20 افراد کے ہلاک اور دو سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ کو مرکزی حکومت نے سنجیدگی سے لیا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور وزیر داخلہ امت شاہ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اس دوران مسٹر شاہ نے دہلی کے حالات کو دیکھتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ بھی کی ہے اور امن قائم رکھنے میں تعاون کرنےکی اپیل کی ہے۔مسٹر ڈوبھال نے آج دوپہر بعد شمال مشرقی دہلی کے پولیس ڈپٹی کمشنر کے دفتر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور موج پور سمیت کچھ دیگر فساد سے متاثرہ علاقوں کا
دورہ کیا۔ انہوں نے مقامی افرادسے بات چیت کی اور ان سے خیریت معلوم کی۔ ان کے ساتھ پولیس کے اعلیٰ افسر ان بھی موجود تھے۔ اس دوران سڑکیں سونی تھیں اور دکانیں بند پڑی تھیں۔ اس سے پہلے انہوں نے گذشتہ دیر رات بھی ضلع کا دورہ کیا تھا۔
مسٹر مودی نے پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہلی کے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے پورے شمال مشرقی ضلع میں اضافی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے اور فسادیوں پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ تشدد سے سب سے زیادہ متاثر جعفرآباد کی کچھ گلیوں میں پولیس کی جانب سے عوام کو گھروں میں رہنے کی منادی کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔