نئی دہلی، 12 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ چین ہندوستان کی سرحد میں داخل ہوچکا ہے اور کور کمانڈر سطح کی میٹنگ میں واپس لوٹنے سے انکار کر دیا ہے، اس لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس بحران کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے ملک کے باشندوں کو مطلع کرنا چاہیے کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین لداخ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، سکم، اروناچل میں ہندوستانی سرحد میں دراندازی کررہا ہے۔ ملک کے فوجی دستے جس سرحد پر گشت کرتے تھے، وہاں
اب ایسا نہیں ہو رہا ہے اور چین کے ساتھ کور کمانڈرسطح کی میٹنگ کے 13 ویں دور میں ہندوستان کے کمانڈروں نے چین کی نیت کو مسترد کر دیا، جس کے بعد مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے چین کے ساتھ اب تک جتنے بھی معاہدے کیے ہیں وہ غیر مساوی ہیں۔ چین اور دنیا سمجھ چکی ہے کہ ہندوستان کے پاس ایک ایسا وزیر اعظم ہے جن کو ملکی سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ اپنے مصنوعی شبیہ کو بچائے رکھنے کی فکر ہے۔ وزیراعظم اور ان کے وزراء کو، بالخصوص خارجہ پالیسی پر معقول بات کرنی چاہیے۔