نئی دہلی، 19فروری (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی بدھ کو انڈیا گیٹ میدان پر منعقدہ ہنرہاٹ کا جائزہ لینے پہنچے اور کلہڑ کی چائے اور بہار کے مخصوص کھانے لٹی چوکھا کا مزہ لیا مسٹر مودی کے ہنر ہاٹ میں پہنچنے سے وہاں اسٹال لگائے لوگ حیرت میں پڑ گئے۔ وزیراعظم نے ہنر ہاٹ کا ودرہ کرنے کے دوران عام لوگوں سے بھی بات چیت کی۔ اس دوران اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔
انہوں نے ہنر ہاٹ میں لگے کئی اسٹالوں کا معائنہ کیا اور وہاں کام کررہے کاریگروں اور ہاٹ گھومنے آئے لوگوں سے بھی بات چیت کی۔
خیال رہے 14فروری کو وزیر ریلوے پیوش گوئل،
مسٹر نقوی اور شہری ترقیات کے وزیر ہردیپ پوری نے ہنر ناٹ کا افتتاح کیا تھا۔
وزیراعظم کے ہنر ہاٹ کے دورہ کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے لیکن عام لوگوں کو وہاں آنے اور وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے روکا نہیں گیا تھا۔
مسٹر مودی نے ہنر ہاٹ کے دورہ کے بعد اپنے ٹوئٹر پر کچھ فوٹو بھی شیئر کیں۔ ایک تصویر میں وہ خود موسیقی کا آلہ بجا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنر ہاٹ جیسے پلیٹ فارم سے کئی نجی باصلاحیت لوگوں کو سامنے آنے کا موقع ملتا ہے۔ ہنر ہاٹ میں ملک کی ثقافت اور تنوع ایک مقام پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ایک کپ گرم چائے کے ساتھ لنچ میں لٹی چوکھا کا مزہ لیا۔