نئی دہلی،17جون(ایجنسی)وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو نئے لوک سبھا ارکان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارلیمنٹ بہتر انداز میں کام کاج کرے تو لوگوں کی امیدوں کو پورا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے 17ویں لوک سبھا کے پہلے دن نئے ارکان پارلیمنٹ کا استقبال کرتے ہوئے کہا،’’ گزشتہ پانچ برس کا تجربہ ہے کہ جب ایوان کی کارروائی چلی ہے،صحت مند ماحول میں چلی ہے،تب ملک کے مفاد میں فیصلے بھی
بہت اچھے ہوئے ہیں۔ان تجربات کی بنیاد پر میں امید کرتا ہوں کہ سبھی پارٹیاں بہت ہی اچھی بحث ،مفاد عامہ کے فیصلے اور عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کی سمت میں آگے بڑھیں ۔‘‘
مسٹر مودی نے ’سب کا ساتھ ،سب کا وکاس‘نعرے کا ذکر کرتےہوئے کہا کہ ملک کے عوام میں ’سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘ نے ایک انوکھا یقین پیدا کردیا اور اس یقین کو لے کر لوگوں کی امیدوں اور خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کی جائےگی۔