نئی دہلی، 27 اپریل (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 2 سے 4 مئی کے دوران جرمنی، ڈنمارک اور فرانس کا دورہ کریں گے وزارت خارجہ نے بدھ کو یہاں کہا کہ وزیر اعظم 2022 کے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز جرمنی سے کریں گے سال 2021 میں دونوں ممالک نے اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی ہے۔ برلن میں وہ جرمن چانسلر اولاف شولز سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما ہندوستان-جرمنی بین الحکومتی مشاورت کی چھٹی میٹنگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
دونوں رہنما ایک کاروباری تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ مسٹر مودی بیرون ملک مقیم ہندوستانی برادری کے لوگوں سے بات چیت کریں گے۔
مسٹر مودی اس کے بعد ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن جائیں گے جہاں وہ وزیر اعظم فریڈرکسن کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کریں گے اور ملکہ مارگریتھ سے ملاقات کریں گے۔ ہندوستان اور ڈنمارک کے درمیان گرین اسٹریٹجک شراکت ہے۔ اس دوران وزیر اعظم انڈیا-ڈنمارک بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور ہندوستانی برادری سے خطاب کریں گے۔