اوساکا‘ 28جون (ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جی 20چوٹی کانفرنس کے دوران فرانس کے صدر ایمانویل میکراں سے باہمی ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم دفتر نے ایک ٹوئٹ کیا ”اوساکا میں جی 20چوٹی کانفرنس کے دوران عالمی رہنماوں سے ملاقات اور بات چیت کی۔“ حالیہ برسوں میں ہندوستان اور فرانس کے درمیان کافی مضبوط ہوئے ہیں‘ ہندوستان کے فرانس سے رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کے فیصلے نے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچادیا ہے۔
مسٹر مودی نے کناڈا کے وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو سے بھی ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے جرمنی کی چانسلر انجیلا میرکل سے ملاقات کی اور ہند۔ جرمنی رشتوں اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر گفتگو کی۔ محترمہ میرکل نے لوک سبھا الیکشن میں کامیابی پر مسٹر مودی کو مبارک باد دی۔ خیال رہے
کہ 28رکنی یوروپی یونین میں جرمنی ہندوستان کا سب سے بڑا کاروباری شریک کار ہے۔
مسٹر مودی نے جنوبی کوریا کے صدرمون جے ان اور سعودی عرب کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔
مسٹر مودی او رمسٹر جے ان نے ہندوستان کی مشرقی ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے اور کاروبار کو وسعت دینے کی پالیسی پر خاص طور پر بات چیت کی۔ جنوبی کوریا کی نئی پالیسی کے مطابق وہ جنوب۔ مشرقی ایشیا اور آسیان ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
جنوبی کوریاکے صدر سے ملاقات کے بعد مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا’اپنے عزیز دوست مون جے ان سے ملاقات ہمیشہ خاص رہتا ہے۔ ہندوستان اور کوریائی جمہوریہ کے درمیان دوستی اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں وہ کافی پرجوش ہیں۔ آج ہم نے کاروبار‘ اقتصادی اور عوام سے عوام کا رابطہ بڑھانے کے مختلف طریقوں پر بات چیت کی۔‘