نئی دہلی ، 07 جولائی (یو این آئی) کانگریس نے پیٹرول ، ڈیزل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر زبردست اشتعال کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں لہذا مودی حکومت کو قیمتوں میں کمی کرنا چاہئے یا کرسی چھوڑ دینا چاہئے کانگریس کے میڈیا کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت نے پیٹرول ، ڈیزل ، خوردنی تیل اور
کھانا پکانے کے گیس کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ کیا ہے کہ لوگوں کو اپنا گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام لوگوں کے لئے دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صورتحال کچھ یوں ہے کہ آج ڈیزل 90 روپے ، پٹرول 100 روپے ، خوردنی تیل 200 روپے اور ایل پی جی سلنڈر 800 روپے کو عبور کرچکا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے 200 کے قریب شہروں میں پٹرول کی قیمتیں پہلے ہی 100 روپے فی لیٹر کو عبور کر چکی ہیں۔