نئی دہلی، 22 اپریل (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کوروناوبا سے جنگ لڑ رہے ڈاکٹروں پر حملوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج ڈاکٹروں کو یقین دلایا کہ مودی حکومت ان کی حفاظت اور بہبود کی سمت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔
صحت اور فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر ہرش ورددھن کے ساتھ آج یہاں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ڈاکٹروں اور ہندوستانی میڈیکل ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران مسٹر شاہ نے کہا کہ کام کے مقام پر ڈاکٹروں کی حفاظت اور احترام کے ساتھ کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کوروناوبا کے علاج میں مصروف ڈاکٹروں پر ملک بھر میں ہو رہے حملوں کے پیش نظر میڈیکل ایسوسی ایشن اور ڈاکٹروں نے آج شام علامتی احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ اس کے پیش نظر مسٹر شاہ نے آج ڈاکٹروں سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بحران کی اس گھڑی میں غیر معمولی کام انجام دے رہے ہیں۔ اس صورت حال میں وہ ہر ہندوستانی سے درخواست کرتے ہیں کہ کوروناکے خلاف اس جنگ میں وہ ڈاکٹروں
کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈاکٹروں کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کہ وہ اس وبا کے خلاف پورے عزم کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ڈاکٹروں کی طرف سے دی جا رہی قربانی کی بھی انہوں نے تعریف کی۔ ڈاکٹر برادری کی حفاظت سے متعلق تمام خدشات کو دور کرتے ہوئے انہونے یقین دہانی کرائی کہ مودی حکومت ان کی بہبود اور حفاظت کی سمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ڈاکٹروں کے تشویشات سے آگاہ ہیں اور ان کے مسائل پر خود نظر رکھ رہے ہیں۔ ڈاکٹروں پر حملے کا واقعہ دوبارہ نہ ہو اس کے لئے سبھی ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈاکٹروں کو کام کرنے کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہونے کہا کہ وہ ڈاکٹروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے علامتی احتجاج کے فیصلے پر ایک بار پھر غور کریں کیونکہ یہ قومی مفاد میں نہیں ہے۔
میٹنگ میں صحت کے مرکزی سیکرٹری، داخلہ سیکرٹری، سینئر ڈاکٹروں اور نیتی آیوگ کے افسران نے بھی شرکت کی۔