نئی دہلی، 03 جون (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ہاتھوں کشمیری پنڈتوں کو بے دردی سے مارا جا رہا ہے اور مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ جس کی وجہ سے کشمیری پنڈتوں کی بڑی تعداد میں ہجرت ہورہی ہے۔
راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کشمیر کے مختلف حصوں سے دردناک باتیں سننے کو مل رہی ہیں، جس کی
وجہ سے پورا ملک غمزدہ اور تکلیف میں ہے۔ کشمیری پنڈتوں کی بڑی تعداد میں ہجرت ہورہی ہے۔ کشمیری پنڈت اپنے ہی ملک میں پردیسی اور بے گانے ہو چکے ہیں۔ کشمیر کے ایک حصے میں دہشت گردوں کے ہاتھوں کشمیری پنڈتوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے۔ حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے کے قابل نہیں ہے۔ انہیں اپنی ہی کالونیوں میں قید کردیا گیا ہے۔ احتجاج کرنے، آواز بلند کرنے اور سیکورٹی کی بات کرنے پر انہیں لاٹھیوں سے پیٹا جا رہا ہے، آنسو گیس کے گولے داغے جا رہے ہیں۔